حیدرآباد /3 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) کالے جادو بہانے عوام کو ٹھگنے والے اترپردیش سے تعلق رکھنے والے دو دھوکہ بازوں کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ 34 سالہ نواب ملک اور اس کا ساتھی 47 سالہ محمد خالد متوطن میرٹھ اترپردیش اخبارات اور مقامی ٹی وی چیانلس پر کالے جادو کے ذریعہ مختلف پریشانیوں بشمول میاں بیوی کے اختلافات اور روحانی امراض کے علاج کے اشتہارات جاری کر رہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ چند ماہ قبل نواب ملک اور خالد حیدرآباد منتقل ہوئے تھے اور انہوں نے سکندرآباد ایس ڈی روڈ میں واقع منرو ا کامپلکس میں ایک فلیٹ حاصل کرتے ہوئے اپنے کالے جادو کا کاروبار چلا رہے تھے۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر نارتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے منروا کامپلکس میں دھاوا کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے ایسے اشیاء برآمد کرلئے جنہیں کالے جادو میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ پولیس نے نقد رقم اور موبائل فون بھی برآمد کرلئے ۔ گرفتار جادوگروں کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ مہانکالی پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔