وشاکھاپٹنم ۔ 7ستمبر ( پی ٹی آئی) وشاکھاپٹنم کے مری پالم کے قریب چکالی گڈہ میں ایک 55سالہ شخص کو کالا جادو کا مشتبہ عالم سمجھتے ہوئے مقامی افراد نے بریطرح زدوکوب کیا اور انتہائی بیدردی کے ساتھ اس کے دانت توڑ دیئے گئے ۔ پولیس نے کہا کہ یہ واقعہ دو ہفتہ قبل پیش آیا لیکن متاثرہ شخص بی گنگا راجو نے آج پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ پولیس نے کہا کہ مقامی افراد کو شبہ تھا کہ اس علاقہ میںحالیہ عرصہ کے دوران فوت ہونے والے افراد راجو کے کالے جادو کا شکار ہوئے تھے ۔ اس شبہ پر نہ صرف گنگا راجو کی بری طرح پٹائی کی گئی بلکہ ایک خانگی ہاسپٹل لیجایا گیا جہاں موجود دانتوں کے ماہر ڈاکٹر نے زبردستی اس کے دانت نکال دیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔