حیدرآباد۔/30جون، ( سیاست نیوز) شاہ عنایت گنج پولیس نے مبینہ کالا جادو کے ایک عامل کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 3لاکھ 75ہزار مالیتی اشیاء برآمد کرلی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ انور اللہ خان عرف ڈسکو بابا نے درخواست گذار مسٹر شیخ خالد کو کالا جادو کا علاج کرنے کا جھانسہ دیتے ہوئے اسے ٹھگ لیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسکو بابا کئی افراد کو کالا جادو کا علاج کرنے اور خزانہ کی تلاش میں مدد کرنے کا جھانسہ دیتے ہوئے دھوکہ دے چکا ہے۔ شاہ عنایت گنج، کلثوم پورہ، حبیب نگر اور آصف نگر پولیس نے ڈسکو بابا کے خلاف دھوکہ دہی کے کئی مقدمات درج کرلئے ہیں اور پولیس نے اس کے قبضہ سے دو موٹرسیکلیں، سونے کے بسکٹس اور دیگر اشیاء برآمد کرلی۔