حیدرآباد۔/19فبروری، ( سیاست نیوز) عوام میں احساس تحفظ کو فروغ دینے کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس کئی اقدامات کررہی ہے اور وقفہ وقفہ سے جرائم پیشہ افراد اور دیگر ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ روڈی شیٹرس، غیر قانونی فینانسرس، خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کے بعد اب ساؤتھ زون پولیس نے کالا جادو اور عملیات کے نام پر عوام کو ٹھگنے والے دھوکہ بازوں کے خلاف کل رات دیر گئے اچانک کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر ایم ستیہ نارائنا نے بتایا کہ اماوس کے موقع پر جادوگروں کے سرگرم ہونے کی اطلاع پر 18 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں اور ان ٹیموں نے شاہ علی بنڈہ ، چھتری ناکہ، مغلپورہ اور دیگر مقامات پر اچانک دھاوے کرتے ہوئے 6 جادوگروں کو گرفتار کرلیا۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ اس دھاوے میں بلبیر سنگھ، مکیش کمار، سنجے کمار، بی سریکانت، ڈی یادیا،آر دیو آنند کو دھوکہ دہی اور جادو کے نام پر دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھاوے کے دوران پولیس نے جادو میں استعمال کی جانے والی کئی اشیاء بشمول لکڑی کے پتلے، کالی مرچ، ہلدی، کم کم اور دیگر اشیاء برآمد کرلی۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار جادوگر معصوم عوام کو جادو کے ذریعہ ان کے مسائل کا حل فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے ان سے ہزاروں روپئے حاصل کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار دھوکہ باز میاں بیوی کے اختلافات کی یکسوئی کے علاوہ زندگی کے کئی مسائل کا حل نکالنے کا دعویٰ کرتے اور ان کا استحصال کررہے تھے۔اپنے دعوؤں سے عوام کو خوفزدہ کرتے ہوئے ان سے رقم بٹوررہے تھے۔ مسٹر ست نارائنا نے بتایا کہ گرفتار افراد کے علاوہ اسی قسم کے کئی مقدمات درج کئے گئے ہیں اور بعض جادو گر جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں ان کی تلاش جاری ہے۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے انتباہ دیا ہے کہ عوام کو ٹھگنے والے جادوگروں کے خلاف ساؤتھ زون پولیس سخت کارروائی کرے گی اور اپنی حرکتوں سے باز نہ آنے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔