عوام کے تحفظ اور سہولت کے لئے اقدام
کاغذ نگر /23 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر میں بس اسٹانڈ کے قریب پولیس ڈپارٹمنٹ اور اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد کے انتظامیہ کے تعاون سے سب پولیس کنٹرول روم کا افتتاح مسٹر سریش بابو ڈی ایس پی کاغذ نگر اور مسٹر وینکٹ رمنا اسسٹنٹ جنرل منیجر اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر مسٹر سریش بابو نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے سب کنٹرول روم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس کنٹرول روم میں روزانہ صبح سے رات کے نو بجے تک عوام کی شکایات سنی جائیں گی۔ اس ضمن میں عوام کا تعاون بھی ضروری ہے۔ عوام کی سہولت کے لئے ’’شی‘‘ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی مٹکا کھیلنے والوں اور قمار بازی میں ملوث افراد کا عوام کے تعاون سے پتہ چلاکر ان کے خلاف کیس بک کرکے انھیں سزائیں دلوائے گی۔ مسٹر وینکٹ رمنا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد عرصہ دراز سے غریب عوام کی خدمت کر رہا ہے۔ پولیس ڈپارٹمنٹ کی سفارش پر ہی پولیس سب کنٹرول روم کے آغاز میں تعاون کیا گیا، طلبہ کو سائیکلیں فراہم کی گئیں، مفت میں نوٹ بکس دیئے گئے۔ اس موقع پر بینک کے چیف منیجر مسٹر وجے کمار، منیجر کملاپتی شرما اور مسٹر پٹنایک کے علاوہ جناب صادق علی سب انسپکٹر آف پولیس اور مسٹر راجیشور اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس بھی موجود تھے۔