کاغذنگر ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد سہیل انچارج حیدرآباد زکوٰۃ چیارٹیبل ٹرسٹ کی زیرنگرانی کاغذ نگر کے انور اردو ہائی اسکول میں بصدارت جناب محمد عارف الدین صدر مدرس ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس میں جناب مقبول حسین ریٹائرڈ میونسپل کمشنر و نائب صدر وقف کمیٹی ضلع عادل آباد مہمان خصوصی تھے ۔ اس جلسہ میں حیدرآباد زکوٰۃ چیارٹیبل ٹرسٹ اور فاؤنڈیشن فار اکنامیکل اینڈ ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ کے تعاون سے انور اردو اسکول اور اقبال اردو ہائی اسکول کے آٹھویں ‘ نویں اور دسویں جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے 47 طلباء اور طالبات کو ترغیبی انعامات دیئے گئے ۔ جناب محمد ضیاء الدین نیر ٹرسٹی اورجناب مقبول حسین نے کہا کہ حیدرآباد زکوٰۃ چیارٹیبل ٹرسٹ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور ایک عرصہ دراز سے یہ ٹرسٹ غریب اور مستحق طلباء اور طالبات کی مدد کرتا چلا آرہا ہے ۔ جناب محمد عارف الدین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کاغذ نگر میںپسماندگی ہونے کے باوجود تعلیمی ذوق مسلمانوں میں بہ درجہ اتم پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عائشہ خان صاحبہ نے آر ڈی او کا عہدہ اورجناب رحیم رامش نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور جناب محمد اسمعیل خان نے الکٹریسٹی ریگولیٹری چیرمین کا عہدہ حاصل کر کے کاغذنگر کا نام روشن کیا ہے ۔ یہ ہمارے لئے باعث فخر ہے ۔ جناب رحیم رامش نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو تعلیم کی طرف توجہ دینی چاہیئے ۔ جناب صابر کاغذنگری نے مناجات اور غزل اس جلسہ میں سناکر داد حاصل کی ۔ اس موقع پرجناب محمد نثار اورجناب نعیم الدین کریم نگر بھی موجود تھے ۔ جناب محمد ضیاء الدین نیر ‘ جناب مقبول حسین ‘ جناب محمد عارف الدین ‘ جناب محمد نثار اور جناب نعیم الدین کے ہاتھوں دسویں جماعت کی انور اردو اسکول کی سب سے زیادہ نشانات حاصل کرنے والی طالبہ بشریٰ فاطمہ کو تین ہزار روپئے کیش ایوارڈ عطا کیا گیا نیز آٹھویں ‘ نویں اور دسویں کے طلباء اور طالبات کو دو ہزار پانچ سو روپئے ‘دو ہزار روپئے اورپانچ سو روپئے کیش ایوارڈ عطا کئے گئے ۔ جناب محمد سہیل کے شکریہ پر جلسہ اختتام پذیر ہوا ۔