نئی دہلی ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سماج کے مختلف طبقات بشمول کاشتکاروں تک رسائی حاصل کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ’’ان داتا‘‘ کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مفادات کی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ مابعد بجٹ اپنے 5 مکتوبات پر چھوٹے تاجروں، نوجوان اور عمر رسیدہ شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کاشتکاروں کو ’’ان داتا‘‘ قرار دیا۔ اپنے ویب سائیٹ پر وزارت فینانس نے وزیراعظم کے 5 مکتوبات شائع کئے ہیں۔ غیرموسمی بارشوں سے بعض ریاستوں میں فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ حکومت آپ کی مصیبت کے وقت آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم ریاستی حکومتوں سے ربط پیدا کئے ہوئے ہے، تاکہ وہ آپ کی مدد کریں۔ 31 مارچ 2015ء کے مکتوب میں مودی نے کہا کہ قیمت کے استحکام کیلئے رقم فراہم کی ہے تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کی صورت میں مدد فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے تحریر کیا کہ ہم مختلف ریاستوں میں قومی زرعی منڈی درمیانی آدمی کے بغیر قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ چھوٹے کاروباریوں کو اپنے مکتوب میں وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے ترقیاتی اداروں کیلئے مالیہ فراہم کرنے بینکوں کی جانب سے واجبی شرح سود پر اقل ترین کاغذی کارروائی کے بغیر قرض فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اٹل اختراعی مشن کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ عالمی معیار کے انوکھے مراکز ان افراد کیلئے قائم کئے جائیں جو نظرانداز کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے ایک باشعور معاشرہ کا تیقن دیتے ہوئے نوجوانوں کے نام اپنے مکتوب میں کہا کہ حکومت انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور امدادی نظام قائم کرے گی تاکہ نوجوانوں کی طاقت استعمال کی جاسکے۔