کارکردگی میں آہستہ آہستہ بہتری آئے تو بہتر : اظہر علی

لاہور ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ونڈے کرکٹ ٹیم کے نومنتخب کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل کے خواہشمند ہیں۔ اپنے تقرر کے اعلان کے بعد کل یہاں میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب ٹیم متحد ہو کر کھیلے گی تو کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں انھوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور تسلسل کے ساتھ کامیابی حاصل کرے۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی ڈرامائی تبدیلی نہ بھی آئے اور ٹیم کی پرفارمنس میں آہستہ آہستہ بہتری آتی رہے تو یہ زیادہ اہم ہے۔ اظہر علی نے کہا کہ پاکستان ٹیم جب ہار رہی ہوتی ہے تو اس پر بہت زیادہ دباؤ ہو جاتا ہے اور اس پر بہت زیادہ تنقید کی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ ورلڈ کپ میں بھی ایسا
ہی ہوا لیکن وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی تعریف کریں گے جس نے دباؤ میں اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے ٹورنمنٹ میں واپسی کی اور کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ سابق کپتان مصباح الحق کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ان کی کارکردگی بہت زبردست رہی ہے اور ’’میں انھیں سلام کرتا ہوں‘‘۔

انھوں نے کہا کہ مصباح کے جانے کے بعد ونڈے ٹیم میں تجربے کے حوالے سے بڑا خلا پیدا ہوگا جس کو نوجوان کھلاڑیوں کے ذریعے پُر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تاہم یہ اتنا آسان نہیں ہوگا۔ اظہر علی نے کہا کہ مصباح الحق نے چار پانچ سال پاکستان ٹیم کی قیادت کی اور انھوں نے ہر اچھے اور بُرے وقت میں ٹیم کو سنبھالا۔ قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اظہر علی کو پاکستان کی ونڈے ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان کیا جبکہ مصباح الحق بدستور ٹسٹ اور شاہد آفریدی ٹی 20 ٹیموں کی کپتانی کرتے رہیں گے۔ یہ اعلانات کل یہاں بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے پریس کانفرنس میں کئے۔ شہریار نے کہا کہ بطور چیئرمین کپتان کی تقرری اُن کا حق ہے۔ تاہم انھوں نے اس سلسلے میں مشاورت کی اور زیادہ تر افراد کی رائے بھی اظہر علی کے حق میں رہی ہے۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ اظہر دو برس سے پاکستان کی ونڈے ٹیم کا حصہ نہیں۔ تاہم انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل منعقدہ پینٹیگولر کپ میں اظہر نے بطور کپتان عمدہ قائدانہ صلاحیت دکھائی۔ شہریار خان نے پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو اظہر علی کی نیابت سونپنے کے علاوہ ٹسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا نائب کپتان بھی مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ 30 سالہ اظہر نے 14 ونڈے میچوں میں 41.09 کی اوسط سے 452 رنز بنائے ہیں۔ ان کا بہترین اسکور 96 ہے جو انھوں نے 2012 ء میں سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔ اظہر نے اپنا آخری ونڈے میچ جنوری 2013 ء میں ہندوستان کے خلاف کھیلا تھا۔