کارپوریٹ ہاسپٹلس اور اسکولس کی بدترین صورتحال پر اظہار ِتشویش

کریم نگر۔ 29 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی کریم نگر اور ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے محلہ خاں پورہ میں واقع رومان کلینک پر منعقدہ مفت میڈیکل کیمپ کی افتتاحی تقریب کو بہ زبان اُردو میئر کریم نگر سردار رویندر سنگھ نے مخاطب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ ہیومن فاؤنڈیشن کے اسی پراجیکٹ کی ترقی و توسیع کیلئے اپنا بھرپور تعاون کریں گے اور مستقبل میں میگا میڈیکل کیمپ منعقد کرتے ہوئے اس کام میں اپنا حصہ ادا کریں گے۔ سردار رویندر سنگھ نے کارپوریٹ ہاسپٹل اور کارپوریٹ اسکولس کی بدترین صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان حالات میں جماعت اسلامی اور ہیومن فاؤنڈیشن کی جانب سے رومان کلینک میں رعایتی فیس اور مختلف طبی جانچوں کیلئے کم قیمت رکھنے پر نیز مفت میڈیکل کیمپس کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور بلالحاظ مذہب و ملت عوامی خدمت پر جماعت اسلامی کی کارکردگی کی ستائش کی۔ ٹی آر ایس فلور لیڈر محمد عارف نے اپنے علاقہ میں جماعت کی جانب سے رومان کلینک کے قیام اور انتہائی قلیل مدت میں غیرمعمولی طبی خدمات کی ستائش کی اور اپنی جانب سے بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔ سیکریٹری جماعت اسلامی کریم نگر، عبدالرقیب لطیفی نے کہا کہ جماعت اسلامی دو اہم شعبہ جات تعلیم اور طب کے میدان میں اپنے میدان کار میں خصوصی توجہ دیتے ہوئے نئے عصری تقاضوں کو روبہ عمل لاکر بلالحاظ مذہب و ملت اپنے خدمات انجام دے رہی ہے۔ امیر مقامی جماعت اسلامی کریم نگر محمد خیرالدین نے جماعت اسلامی کریم نگر اور ہیومن ویلفیر ٹرسٹ کی مختلف سرگرمیوں پر مشتمل رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جماعت اسلامی اس ملک میں باشندگان ملک کو دین کی دعوت پیش کرنے کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دے رہی ہے، وہیں خدمت خلق کے جذبہ کے تحت بیت المال کے ذریعہ امداد، اسلامک ویلفیر سوسائٹی کے ذریعہ بلاسودی قرض کی اجرائی اور رومان کلینک کے ذریعہ رعایتی قیمت پر مسالہ کی سہولت پہنچا رہی ہے۔ ڈاکٹرس کی ٹیم نے 400 سے زائد طبی جانچ کی سہولت عوام کو مہم پہنچا رہی ہے۔ ڈاکٹر شاہ نوید ایم ڈی میڈیکل آفیسر رومان کلینک نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر بشیر احمد اور ڈاکٹر شاہ نوید کی سرکردگی میں 8 ڈاکٹرس، ڈاکٹر ماروتی، ایم ڈی ڈاکٹر ہمایوں ایم بی بی ایس، ڈاکٹر شاہ شبنم ایم ڈی، ڈاکٹر مرتضی عروج نعیم، ڈاکٹر عائشہ عبدالعزیز، ڈاکٹر شائستہ آفرین، ڈاکٹر شیخ شمع اور ڈاکٹر سمیرہ تزئین نے زائد از 400 مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا۔ اس موقع پر مفت ادویات بھی مریضوں میں تقسیم کی گئیں۔ پروگرام کا آغاز قاری و قاضی افتخار الدین کی تلاوت سے ہوا۔ معاون امیر مقامی و صدر رومان کلینک سید زبیر احمد، ایم اے سلیم، محمد ظہورالدین، محمد عبدالسبحان، احمد محی الدین، محمد قلیل، محمد نعیم، سید افضل، سید شفیع الدین، شیخ حیدر، سید عبدالکریم، محمد مجیب، محمد نثار احمد، عقیل الزمماں، وغیرہ نے انتظامات کئے۔ اس موقع پر ناظم جماعت اسلامی کریم نگر عبدالحئی شعیب لطیفی، سید معین احمد کے علاوہ کارکنان جماعت اسلامی اور ممبرس ایس آئی او بھی موجود تھے۔ عقیل الزماں نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔