کاروبار میں نقصان پر ایک شخص کی خودکشی

حیدرآباد /9 فروری ( سیاست نیوز ) جیڈی میٹلہ کے علاقہ میں ایک شخص نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کاروبار میں نقصان اور ملازم کی جانب سے دوکان میں سرقہ سے یہ شخص پریشان تھا ۔ سب انسپکٹر پولیس مسٹر سدھاکر نے بتایا کہ 40 سالہ رام پرساد جو گاندھی نگر علاقہ کا ساکن تھا ۔ اس نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں ساڑی سے فیان کے ذریعہ پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پرساد نے کچھ عرصہ قبل چنتل کے علاقہ میں اپنی تمام کمائی اور جائیداد کے عوض ایک فوٹو اسٹوڈیو قائم کیا تھا ۔ تاہم اس میں کاروبار مشکل سے ہو رہا تھا اور مارکٹ سے کام ملنا مشکل تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مارکٹ میں کاروبار کی کمی سے بھی پرساد مشکلات کا شکار تھا ۔ اس نے چند دنوں قبل ایک شخص کو ملازمت پر رکھ لیا تھا اور ویڈیو گرافی کیلئے اسے استعمال کر رہا تھا ۔ یہ ملازم دوکان کا قیمتی کیمرہ لیکر فرار ہوگیا تھا جس سے وہ مزید پریشان ہوگیا تھا ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ پرساد نے ان سب مسائل سے پریشان ہوکر انتہائی اقدام کیا اور خودکشی کرلی ۔ پولیس جیڈی میٹلہ مصروف تحقیقات ہے ۔