کابل میں شیعہ مسجد کے قریب خودکش دھماکہ، 22 ہلاک

کابل 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک افغان ہاسپٹل کے عہدیدار نے کہاکہ دارالحکومت میں ایک شیعہ مسجد کے باہر ہوئے ایک خودکش بمبار دھماکے میں کم سے کم 22 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ اس دواخانہ کے پروگرام رابطہ کار دیجان پیانک نے آج کے اس حملے میں ہوئی ہلاکتوں کی توثیق کی۔ پولیس افسر عبدالرحمن نے کہاکہ حملہ آور نے کابل کی مسجد حسینیہ سے تقریباً 1000 میٹر دور ایک سڑک پر خود کو دھماکہ سے اُڑالیا تھا۔ یہ دھماکہ ایک ایسے وقت ہوا جب مصلیان کی کثیر تعداد نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد واپس ہورہی تھی۔ ایک مقامی شخص میر حسین ناصری نے کہاکہ حملہ آور ایک چرواہے کے بھیس میں تھا۔ کسی نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جو یوم عاشورہ سے دو دن قبل کیا گیا ہے۔ اس دوران مغربی صوبہ فرہ میں طالبان نے پولیس کے ایک تلاشی مرکز پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں پانچ ملازمین پولیس ہلاک ہوگئے۔