کائیل کے 156رنز رائیگاں‘ بنگلہ دیش عملاً کوارٹرفائنل میں

نیلسن ( نیوزی لینڈ) ۔5مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اسکاٹ لینڈ کے اوپنرکائیل کوئیٹزرکی جانب سے کریئر کی بہترین اننگز 156رنز رائیگاں گئی جیسا کہ پول اے میں کھیلے گئے اس مقابلہ میں بنگلہ دیش نے 11گیندیں قبل کامیابی کیلئے مطلوبہ 319رنز کا نشانہ 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ تقریباً یقینی بنالی ہے ۔ بنگلہ دیش جس نے 48.1اوور میں 322/4رنز اسکور کئے اس میں اوپنر تمیم اقبال (95)‘ محمود اللہ (62) ‘ مشفق الرحیم (60)کے علاوہ شکیب الحسن کے ناقابل تسخیر 52رنز نے کلیدی رول ادا کیا ۔ نشانہ کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اننگز کا آغاز ناقص رہا جیسا کہ 5کے مجموعی رنز کے اسکور پر ہی اوپنر سومیا سرکار(2)پویلین لوٹ گئے ‘ جس کے بعد اقبال اور محمود اللہ نے دوسری وکٹ کیلئے 139رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے کامیابی کی بنیاد رکھی ۔ دیگر بیٹسمینوں نے شکیب الحسن نے 41گیندوں میں 5چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اننگز میں ناقابل تسخیرنصف سنچری اسکور کی جب کہ شبیر رحمن نے 40گیندوں میں اپنی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکوں پر مشتمل 42رنز اسکور کئے ۔ قبل ازیں اوپنر کائیل نے 134گیندوں میں 156رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے کریئر کا بہترین اسکور بنایا جس میں 17چوکے اور 4چھکے شامل ہیں ۔ دیگر بیٹسمینوں میں ماچن (35) ‘ کپتان مومسین (39) اور لوور آرڈر میں برنگٹن نے 16گیندوں میں 26اور کراس نے 14گیندوں میں تیز رفتار 20رنز اسکور کئے ۔ بنگلہ دیش کیلئے تسکین احمد کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 7اوورس میں 42رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ناصر حسین نے 32رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کی۔