نظام آباد 20 نومبر (فیاکس) ڈاکٹر عبدالقوی اسسٹنٹ پروفیسر تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد نے مذاکرہ منعقدہ اصلاح معاشرہ لائبریری متصل مسجد خلیل بودھن روڈ نظام آباد زیراہتمام ہمہ مسالکی تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات نظام آباد بعنوان حقوق اللہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کائنات دنیا و آخرت میں جتنی جاندار بے جان مخلوقات ہیں سب اللہ کی عبادت میں لگے ہوئے ہیں اور اس کے نافرمان ہی جو عبادت سے منہ موڑتے ہیں، حزب شیطان کہلاتے ہیں جن کو جہنم کی وعید سنائی گئی۔ حقوق اللہ دراصل عقیدہ اور ایمان اس کی بنیادیں ہیں اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔ قرآن حکیم اللہ کی کتاب ہے۔ آخرت تقدیر جنت اور جہنم یہ سب ایمان اور حقوق اللہ میں آتے ہیں اس سے ہٹ کر سب شرک ہی شرک ہوگا۔ مزید انھوں نے کہاکہ حقوق اللہ کا جیتا جاگتا ثبوت اس کے فرائض، نماز، روزہ، حج ، زکوٰۃ اور ذکر و تسبیح توبہ و استغفار ہوتے ہیں۔ جناب محمد نعیم الدین سابق خادم الحجاج اور خادم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات نے کہاکہ اللہ کا پسندیدہ دین اسلام ہی ہے جس کی تصدیق قرآن حکیم میں کی گئی۔ یہ اللہ کے حقوق اور بندوں کے حقوق اور شیطان کی برائیوں سے اجتناب کرنا ہے جو مکمل دین میں آتا ہے۔ دنیا بنائی گئی زمین و آسمان بنائے گئے آخرت آنے والی ہے۔ جنت و دوزخ بن چکی ہے۔ اب دنیا کے امتحان گاہ میں ہم جی رہے ہیں۔ اس کے پانچ سوالات ہیں عمر کن کاموں میں گذاری، جوانی کہانی کھپائی، مال کہاں سے کمایا اور کہاں پر خرچ کیا اور جو علم ملا تھا اس پر کتنا عمل ہوا۔ یہی اس کا مقصد زندگی ہے اور مقصد آخرت ہے۔ حقوق العباد اور شیطانی کاموں سے بچنا بھی عبادت میں شامل ہے اور اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کی تکمیل ہوتی ہے کہ ہم نے جن اور انسانوں کو اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ہے۔ قدم قدم پر اس حقیقت سے شیطان جو نافرمانی پر لے جاتا ہے اور اللہ اور اس کے رسول کا نافرمان بناتا ہے۔ تاکہ وہ اپنے ساتھ دوزخ لے جائے۔ حافظ عثمان نے دعا کی۔ حافظ توفیق و محمد نعمان نے انتظامات کئے۔