ڈے۔ نائٹ ٹسٹ : نیوزی لینڈ کو 94 رنز کی مجموعی سبقت

اڈیلیڈ ، 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کو دلچسپ ڈے۔ نائٹ تیسرے ٹسٹ میں 94 رنز کی مجموعی سبقت مل چکی ہے جبکہ آج اڈیلیڈ اوول میں دوسرے روز بھی وکٹوں کا تیزی سے گرنا جاری رہا۔ کیویز جو سیریز میں 0-1 سے پیچھے ہیں، انھیں دقت پیش آئی کہ کوئی قابل دفاع ٹارگٹ آسٹریلیا کیلئے چوتھی اننگز میں پیش کرسکیں ، جیسا کہ تیز تر کرکٹ کے ایک اور دن 42,372 شائقین کے روبرو 13 وکٹیں گرنے سے ظاہر ہوتا ہے۔ کھیل کے ختم پر بلیک کیاپس مصنوعی روشنی میں مشکل سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی دوسری اننگز میں 116/5 تک پہنچے، جس سے پانچ روزہ ٹسٹ کے اتوار کو تیسرے دن ہی نتیجہ برآمد ہوجانے کی توقع ہے۔ راس ٹیلر نے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے ۔ برینڈن مک کلم کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 202 رنز بنائے تھے۔ اس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی اننگز میں کل کے اسکور 54/2 سے آگے کھیلتے ہوئے 224 رنز بنائے جس میں کیپٹن اسٹیو اسمتھ (53) اور وکٹ کیپر پیٹر نیول (66) کی ہاف سنچریاں شامل ہیں۔ میزبان ٹیم 118/8 تک گھٹ گئی تھی اور اس نازک مرحلے پر ٹی وی امپائر نائجل لانگ (انگلینڈ) نے ناتھن لیون کو متنازعہ طور پر ناٹ آؤٹ قرار دیا حالانکہ خود بیٹسمن گراؤنڈ سے باہر نکلنے کے قریب پہنچ چکے تھے۔ اس کے بعد لیون (34) نے نیول کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کیلئے 74 رنز جوڑے۔