جوہانسبرگ ۔ 5فروری (سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو تیسرے میچ میں باآسانی 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔سری لنکا کے کپتان اپل تھرنگا اور نیروشان ڈکویلا نے 60 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا لیکن بعد میں آنے والے بیٹسمینس ناکام ہوئے اور پوری ٹیم صرف 163 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔تھرنگا 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد مینڈس اور چندی مل 4،4 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ دھنانجایا ڈی سلوا16 رنز بنا سکے۔نیروشان نے سب سے زیادہ 74 رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی لیکن وہ 149 کے اسکور پر ٹیم کو مشکلات میں گھرا ہوا چھوڑ کر پویلین سدھار گئے۔سری لنکا کی پوری ٹیم 40 ویں اوور میں 163 رنز پر آؤٹ ہوکر میزبان ٹیم کو ایک آسان ہدف دے دیا۔سری لنکائی بیٹنگ کے دوران جوہانسبرگ کرکٹ گراؤنڈ میں اس وقت حالات مشکل ہوگئے جب مکھیوں نے کھلاڑیوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا اور میدان کو گھیر لیا۔مکھیوں کو بھگانے کے لئے بیرونی مداخلت کرنا پڑی اور اسپرے کے بعد دوبارہ کھیل کو جاری رکھا گیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے پریٹوریس نے 3، کگیسو رابادا، پھیہلکوایو اور عمران طاہر نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں۔آسان ہدف کے تعاقب میں کوئنٹن ڈی کوک 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوپلیسی بھی 24 رنز کا اضافہ کرسکے۔ہاشم آملہ نے 34 رنز بنائے لیکن کپتان اے بی ڈی ولیئرز اور جے پی ڈومینی نے ٹیم کو سات وکٹوں سے کامیابی دلادی۔ڈی ولیئرز نے ناقابل شکست 60 رنز بنائے اور ڈومینی نے آؤٹ ہوئے بغیر 28 رنز بنائے۔پریٹوریس کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے ابتدائی طورپر کھیلے گئے دونوں میچوں میں جیت کر سیریز میں برتری حاصل کرلی تھی اور اب تیسرے میچ میں کامیابی کے ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے۔