ڈی ویلیئرز کا سبکدوشی پر غور

 

لندن ۔ 27جون (سیاست ڈاٹ کام )گزشتہ سال کے دوران فٹنس اور کارکردگی میں مستقل ناکامی کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز اپنے کیریئر کے نازک موڑ پر پہنچ گئے ہیں اور اگست میں کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر اپنے مستقبل کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔گزشتہ سال دورہ آسٹریلیا سے زخم کے سبب باہر ہونے کے بعد ڈی ویلیئرز نے ٹسٹ کرکٹ سے وقفہ لیا تھا تاکہ وہ مکمل فٹنس کے بعد بہترین تیاری کے ساتھ میدان میں قدم رکھ سکیں اور 2019 ورلڈ کپ تک فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کی نمائندگی کر سکیں لیکن ایسا ممکن نہ ہوسکا۔انڈین پریمیئر لیگ کے دوران بھی ڈی ویلیئرز زخم اورفارم کے مسائل سے دوچار رہے جبکہ چیمپیئنز ٹرافی اور حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی ان کی کارکردگی شاندارنہیں رہی جس کے بعد انہوں نے کیریئر کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے کیلئے ایک مرتبہ پھر کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اب ستمبر میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں حصہ لیں گے اور اس سے قبل اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاریں گے۔انہوں نے کہاکہ میں جنوبی افریقہ کو 2019 ورلڈ کپ جتوانا چاہتا ہوں لیکن یہ میرے اختیار میں نہیں اور میں جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ سے ملاقات کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کروں گا جو جنوبی افریقی کرکٹ کی بہتری میں ہوگا۔