ڈی ایم کے ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی طوفان ریلیف کاموں میں ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے

چینائی 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹامل ناڈو میں اپوزیشن جماعت ڈی ایم کے نے پیر کو یہ اعلان کیاکہ اس کے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کی ایک ماہ کی تنخواہ طوفان ’گجا‘ کے ریلیف کاموں میں بطور عطیہ دی جائے گی۔ پارٹی کے صدر ایم کے اسٹالن نے کہاکہ ڈی ایم کے ٹرسٹ کی جانب سے علیحدہ طور پر ریلیف کاموں کے لئے ایک کروڑ روپئے کا عطیہ دیا جائے گا۔ انھوں نے ایک بیان میں کہاکہ ’’طوفان اور بارش کے باعث عوام شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انھیں راحت پہنچانے کے لئے ریلیف کاموں میں ڈی ایم کے ٹرسٹ کی جانب سے ایک کروڑ روپئے کا عطیہ دیا جائے گا‘‘۔ اسٹالن نے جو ریاست میں قائد اپوزیشن بھی ہیں، کہاکہ ڈی ایم کے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ دیں گے۔