ڈیوپلیسی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ سے باہر

لارڈس ۔4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی ذاتی وجوہات کے باعث انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے ان کی جگہ ڈین ایلگر ٹیم کی قیادت کریں گے۔ڈیوپلیسی جنوبی افریقہ میں موجود ہیں جہاں وہ پہلے بچے کی پیدائش کے بعد پیچیدگیوں کے باعث اپنی شریک حیات کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔جنوبی افریقہ کی ٹیم کے منیجر محمد موسیٰ جی نے کہا ہے کہ ڈیوپلیسی کے ہاں گزشتہ ہفتے بچے کی پیدائش ہوئی تھی لیکن پیچیدگیوں کے باعث ان کی برطانیہ آمد میں تاخیر ہوئی ہے۔ان کی غیر موجودگی میں اوپنر ڈین ایلگر ٹیم کی قیادت کریں گے اور وہ 1992 میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بعد وہ جنوبی افریقہ کے کپتان بننے والے بارھویں کھلاڑی ہوں گے۔ ڈیوپلیسی کی جگہ تھیونس ڈی بریون یا نئے کھلاڑی ایڈن مارکرم کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔4 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 6 جولائی کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

بشٹ نے 4سال کی عمر میں کرکٹ شروع کی
دہرہ دون۔4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ویمنس کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف اپنی شاندار کارکردگی کے عوض پر ہندستان کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والی الموڑہ کی ایکتا بشٹ اور اترکاشی کی مانسی جوشی نے بالترتیب 4 اور 8 سال کی عمر ہی سے کرکٹ کھیلنا شروع کر دیا تھا۔ایکتا بشٹ کی ماں مسز تارا بشٹ نے کہا کہ ایکتا ان کے تین بچوں میں سب سے چھوٹی ہے ۔ وہ چار سال کی عمر سے کرکٹ کھیل رہی ہے ۔مانسی جوشی کی ماں مسز شانتی جوشی نے بھی کہا کہ مانسی ان کے تین بچوں میں سب سے بڑی ہے ۔مانسی جب8 سال کی تھی تب سے وہ کرکٹ کھیلتی ہے ۔ابتدائی طور پر مانسی نے تین سال تک رڑکي میں مشق کی اور گزشتہ تین برسوں سے مانسی سینٹ جوزف اسکول میں کرکٹ کی مشق کر رہی ہے ۔