فرنچ اوپن چمپیئن جلینا کو ورورا کیخلاف حیران کن شکست
مونٹریال۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی ٹینس اسٹار جائل موفیلس راجرس کپ میں پہلے ہی راونڈ کی ناکامی سے خود کو محفوظ رکھتے ہوئے اسٹیوجانسن کو 2-6,7-6(1)6-1 سے شکست دی۔ جانسن جوکہ عالمی درجہ بندی میں 35 ویں مقام پر فائز ہیں، انہوں نے 22 ویں مقام کے موفیلس کی پہلے سیٹ میں دو مرتبہ سرویس توڑی لیکن مقابلہ کے بتدریج آگے بڑھنے کے ساتھ موفیلس خطرناک انداز اختیار کرتے ہوئے نہ صرف حریف کھلاڑی کی سرویس توڑی بلکہ 11 ایسیس مارے کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے موفیلس نے کہاکہ مقابلہ میں اپنا ردہم حاصل کرنے کیلئے مجھے وقت لگا کیونکہ آغاز میں میں نہ صرف پراعتماد نہ تھا بلکہ میدان پر دوڑنے میں مجھے مشکل بھی ہورہی تھی۔ 30 سالہ موفیلس ٹورنمنٹ کے دوسرے مرحلہ میں جاپان کے کائی نشی کوری کا سامنا کریں گے جن کے خلاف گذشتہ برس کے فائنل میں انہیں شکست ہوئی تھی۔ دیگر مقابلوں میں آسٹریلیائی کھلاڑی نک کیریاس نے وکٹر پروکی کو باآسانی 51 ویں منٹ میں 6-1,6-2 سے شکست دی۔ آسٹریلیائی کھلاڑی نے چار مرتبہ وکٹر کی سرویس توڑی جس میں دونوں ہی سیٹوں میں دو دو مرتبہ وہ اپنے حریف کی سرویس توڑنے میں کامیاب رہے۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کیریاس نے کہا کہ کامیابی کے باوجود میں اپنی سرویس اور گیند کو ضرب لگانے کے مظاہرہ سے مطمئن نہیں ہوں۔ علاوہ ازیں یان مارٹن ڈیل پوٹرو کو پہلے مرحلہ کے انتہائی مسابقتی مقابلہ میں کامیابی کیلئے صرف دو مرتبہ جان اسنر کی سرویس توڑنی پڑی اور وہ پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں 7-5,7-5 سے کامیاب رہے۔ ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے دراز قد ڈیل پوٹرو نے دونوں ہی سیٹوں میں 5-5 کے اسکور پر امریکی کھلاڑی جان کی سرویس توڑی جو تیز رفتار سرویس کیلئے مشہور ہیں اور انہوں نے اس مقابلہ میں بھی 24 ایسیس اسکور کئے۔ ڈیل پوٹرو جنہیں 2009ء میں یہاں خطابی مقابلہ میں مرے کے خلاف شکست ہوئی تھی۔ تاہم وہ جان کے خلاف ملنے والے 7 بریک پوائنٹس میں دو مرتبہ کامیاب رہے۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے ڈیل پوٹرو نے کہا کہ یہ ایک شاندار کامیابی رہی کیونکہ میں گذشتہ سیزن یہاں آ نہیں سکا کیونکہ میری کلائی میں تکلیف تھی تاہم اس مرتبہ بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہوں۔ دریں اثناء خاتون زمرہ کے سنگلس مقابلوں میں امریکی کوالیفائر کھلاڑی وارورا لپ چینکو نے فرنچ اوپن چمپیئن جیلینا اوسٹاپنکو کو حیران کن شکست سے دوچار کیا۔ جیسا کہ پہلے سیٹ میں 1-6 سے پیچھے رہنے کے باوجود انہوں نے چمپیئن کھلاڑی کو دیگر دو ٹائی بریکرس میں 7-6(2), 7-6(5) سے شکست دی۔ دیگر کھلاڑیوںمیں سابق ومبلڈن چمپیئن پیٹرو کیویٹووا نے سوریس نواروو کو 6-1, 7-6(5) اور وینس ولیم نے بیگو کو 6-1,3-6,6-3 سے شکست دی۔