پشاور۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے چیف منسٹر پرویز خٹک نے ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت کی پیشکش کی جس پر سیمی نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پیشکش قبول کرلی۔ پرویز خٹک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی کی خصوصی درخواست پر ہم ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت کی پیشکش کر رہے ہیں۔جس پر سیمی نے جوابی ٹوئیٹ کی اور لکھا خٹک صاحب بہت بہت شکریہ، سر آنکھوں پر قبول ہے۔ سیمی نے اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں لکھا کہ انھوں نے پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی سے پشتو سیکھی تھی، جو ایک بہت میٹھی زبان ہے اور اب میں ایک پختون زلمی ہوں۔ ڈیرن سیمی پہلی پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) میں جاوید آفریدی کی ٹیم پشاور زلمی کا حصہ تھے، زلمی نے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم فائنل تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ پاکستان میں ڈیرن سیمی نے پشتو زبان سیکھی اور بقول ان کے اب وہ اچھی خاصی پشتو سیکھ چکے ہیں، جس کا اظہار وہ ٹوئٹر پر بھی اکثر اوقات کرتے رہتے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ماہ ورلڈ کپ 2016 میں ہندوستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے پر جب ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے پشتو میں مبارک باد دی تو سیمی کی جانب سے بھی اس کا جواب پشتو میں آیا تھا۔