حیدرآباد۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس کی سائبر کرائم ٹیم نے خود کو بینک عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے ڈیبٹ و کریڈٹ کارڈس کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد دھوکہ دینے والے 3 دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے بموجب 24 سالہ محمد سلامت اسلام سردار اور 24 سالہ سمیر حاضرہ اور شنکر ہلدار مختلف بینک کے کھاتہ داروں کو فون کرکے خود کو بینک عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے ان کے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈس کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان کا بے جا استعمال کیا کرتے تھے۔ کارڈس کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد نیٹ بینکنگ کے ذریعہ لاکھوں روپیوں کی دھوکہ دہی میں ملوث پائے گئے۔ سائبر کرائم پولیس نے مذکورہ دھوکہ بازوں کو مغربی بنگال سے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 3 موبائیل فون اور دیگر اشیاء برآمد کرلی۔