ڈیئر کوہلی، اپنی کرکٹ حب الوطنی اپنے پاس رکھئے :بسنت

سری نگر ۔8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) ٹریفک بسنت کمار رتھ نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کے ایک ویڈیو جس میں انہوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پسند کرنے والے کرکٹ مداحوں کو ملک چھوڑنے کا مشور دیا تھا، پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہوئے کوہلی کو اپنی کرکٹ حب الوطنی اپنے پاس رکھنے کا مشورہ دیا ہے ۔بسنت رتھ نے کہا ہے کہ وہ اب بھی جاوید میانداد کو ہی پسند کرتے ہیں۔آئی پی ایس آفسر بسنت رتھ نے ایک ٹویٹ میں لکھا ڈیئر وراٹ کوہلی ، میں جاوید میانداد کو پسند کرتا ہوں۔ آپ براہ مہربانی اپنی کرکٹ حب الوطنی اپنے پاس رکھئے اور اپنے اشتہاری معاہدوں تک ہی محدود رکھیں۔ یادرہے کہ ہندوستان کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنا ایپ لانچ کرکے اپنے مداحوں سے روابط کا ایک نیا سلسلہ قائم کیا۔ لیکن ایک مداح کے تبصرے پر ان کا اس ایپ پر جاری کردہ ایک ویڈیو انہیں بھاری پڑ رہا ہے ۔ سوشل میڈیا پر انہیں سخت تنقید کا سامنا ہے ۔ اس ویڈیو میں انہوں اس شخص کو ملک چھوڑنے کی صلاح دے ڈالی جس نے لکھا تھا کہ وہ کوہلی کی بیٹنگ سے زیادہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بیٹسمینوں کو پسند کرتے ہیں۔کوہلی کی جانب سے مداح کو ملک چھوڑنے کا مشورہ دینے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور انہیں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔