نئی دہلی 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے گجرات کے حلقہ لوک سبھا وڈودرہ سے بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی اور کانگریس کے مدھو سدن مستری کے خلاف سنیل ڈگمبر کلکرنی کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ کلکرنی جو ایک میکانیکل انجینئر ہیں ، انفراسٹرکچر کے شعبہ میں بحیثیت سوشیل ورکر خدمت انجام دیتے ہیں اور وہ عام آدمی پارٹی سے اُس کے تاسیس کے ابتدائی ایام سے وابستہ ہیں۔ نریندر مودی دو حلقوں سے لوک سبھا کے لئے مقابلہ کررہے ہیں۔
وہ اترپردیش کے حلقہ وراناسی سے اپنی قسمت آزمارہے ہیں جہاں اُنھیں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال سے سخت چیلنج کا سامنا ہے۔ وڈودرہ میں 30 اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ عام آدمی پارٹی نے ہماچل پردیش کے حلقہ لوک سبھا شملہ سے سبھاش چندر کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جہاں 7 مئی کو رائے دہی ہوگی۔ یہ اعلان آج ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب ہائیکورٹ کے سابق جج فخرالدین نے جنھیں حلقہ رائے بریلی سے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے خلاف نامزد کیا گیا تھا، مقابلہ سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ تاہم اُن کی دستبرداری کی وجوہات کا ہنوز کا کوئی علم نہیں ہوسکا ہے۔ فخرالدین کی دستبرداری کے بعد عام آدمی پارٹی کے ذرائع نے کہا ہے کہ سماجی جہدکار ارچنا سریواستو کو رائے بریلی سے عام آدمی پارٹی کی امیدوار کی حیثیت سے نامزد کیا جائے گا۔