بلاویو۔2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ویسٹ انڈیز کے بیٹسمینس شین ڈورچ اورکپتان جیسن ہولڈر نے زمبابوے کے خلاف جاری دوسرے اور آخری ٹسٹ میچ کی پہلی اننگز میں شاندار سنچریاں بناکر بڑا کارنامہ انجام دے دیا ، یہ 109 برس بعد پہلا موقع ہے کہ آٹھویں اور نویں نمبرپر بیٹنگ کرنے والے دونوں کھلاڑیوں نے ایک ہی اننگز میں سنچریاں اسکورکی ہیں ۔ ہولڈر 110 اور ڈورچ 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، یاد رہے کہ 1908میں آسٹریلیائی بیٹسمینس گلیم ہل اور راجر ہارٹیگن نے انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ میچ کی ایک اننگز میں آٹھویں اور نویں نمبرپر کھیلتے ہوئے سنچریاں بنائی تھیں۔علاوہ ازیں زمبابوے نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹسٹ میچ کے چوتھے روزکھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا کر مجموعی طور پر 18 رنز کی برتری حاصل کی۔گزشتہ روزآخری ٹسٹ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز نے 374 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے پہلی اننگز شروع کی تو ڈورچ 75 اور ہولڈر 71 رنز پر کھیل رہے تھے ، دونوں نے اپنی اپنی سنچری مکمل کی ۔442 کے مجموعی اسکور پر ڈورچ 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، ہولڈر ویسٹ انڈیز کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 110 رنز بنا کر واپس لوٹے ۔448 کے اسکور پر ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ گری جب روچ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور مہمان ٹیم نے زمبابوے کے خلاف 122 رنز کی برتری حاصل کی۔ سکندر رضا نے 5 وکٹیں حاصل کیں ، دوسری اننگز میں زمبابوے ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور46 کے اسکور پر اس کے 4 بیٹسمینں پویلین لوٹ گئے ، اس موقع پر سکندر رضا اور پیٹر مور نے میدان سنبھالا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا۔