ڈراویڈ نے مجھے پختہ ٹسٹ بیٹسمن بننے میں مدد دی : یونس

کراچی ، 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) تجربہ کار پاکستانی بیٹسمن یونس خان کا کہنا ہے کہ ہندوستانی عظیم کھلاڑی راہول ڈراویڈ نے اعلیٰ معیاری ٹسٹ بیٹسمن کے طور پر اُن کے فروغ میں بڑا رول ادا کیا ہے۔ یونس نے کہا کہ اگر وہ پاکستانی ٹیم میں ٹھوس نمبر تین بیٹسمن بن پائے ہیں تو اس کیلئے وہ ڈراویڈ کے شکرگزار ہیں۔ ’’مجھے میرے کریئر کے ابتدائی مراحل میں ڈراویڈ سے جو مفید اور کارگر باتیں حاصل ہوئیں، اس سے مجھے سرکردہ بیٹسمن بننے میں مدد ملی جو نمبر تین پوزیشن پر بڑے اطمینان سے کھیل پاتا ہے،‘‘ یونس نے یہ بات کہی جب ان سے ایسی اطلاعات کے تعلق سے پوچھا گیا کہ سابق ہندوستانی کپتان نے انھیں ماضی میں مدد کی تھی۔ یونس نے کہا کہ انھوں نے ایک ٹور پر ڈراویڈ سے بات کی اور بعد میں ایک دو موقعوں پر بھی اپنی بیٹنگ تکنیک کے تعلق سے صلاح و مشورہ کیا اور کافی اچھا مشورہ حاصل کیا جس نے انھیں اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد کی۔ انھوں نے کہا کہ ڈراویڈ اعلیٰ معیاری پروفیشنل رہے اور جدید دور کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ہیں اور میں نے ان سے سیکھا ہے۔ انھوں نے اعتراف کیا کہ 2009ء میں کیپٹن کی حیثیت سے مستعفی ہوجانے کا ان کا فیصلہ ایک غلطی ہوئی۔