نئی دہلی ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک 2016 اور 2020 ء میں ہندوستان کیلئے میڈلس کی تعداد میں اضافہ کیلئے وزارت اسپورٹس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ’’ٹارگیٹ مشن اولمپک پوڈیم اسکیم‘‘ کے آغاز کے علاوہ ایک ایسی کمیٹی بھی تشکیل دے گی جو کہ باصلاحیت ایتھلیٹس کی نشاندہی کرے گی۔ اس کمیٹی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ اور بیجنگ اولمپکس میں ہندوستان کیلئے تین دہوں بعد نشانہ بازی میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ابھینو بندرا بھی شامل رہیں گے۔ وزارت اسپورٹس کے ذرائع کے بموجب مذکورہ کھلاڑیوں کے علاوہ 8 رکنی کمیٹی میں پولیلا گوپی چند کے علاوہ دیگر اہم افراد کو شامل کیا جائے گا۔