ابوظہبی۔20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں شکست کے ذمہ دار بیٹسمیوںکو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میچ میں کوئی بھی بیٹسمین لمبی اننگز نہ کھیل سکا اور کھلاڑی مشکل صورتحال میں دباؤ برداشت نہ کر سکے۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 176رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست ہوئی۔ میچ میں شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بیٹسمینوں کو وکٹ پر ٹھہرنا چاہیے تھا، تمام پلیئرز کو مثبت کرکٹ کھیلنے کا کہا تھا اور امید تھی کہ ہم جیت جائیں گے لیکن کھلاڑی مشکل صورتحال میں دباوبرداشت نہیں کرسکے۔ ہم نے گزشتہ روز جس طرح اننگز کا آغاز کیا تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ باآسانی ہدف حاصل کر لیں گے لیکن پھر یکے بعد دیگرے تین وکٰٹیں گر گئیں، جس کے بعد اسد شفیق اور اظہر علی نے اچھی ساجھے داری قائم کی۔ سرفراز نے وکٹ کا رویہ تبدیل ہونے کا تاثر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ میچ کے چاروں دن ایک جیسی تھی، وکٹ پر جم جانے والے کھلاڑیوں کو موقع سے فائدہ اٹھا کر طویل اننگز کھیلنی چاہئے تھی لیکن ہم نے پورے میچ میں دیکھا کہ جیسے ہی دونوں ہی ٹیموں کی اہم پارٹنرشپ ٹوٹی، تو اس کے ساتھ ہی بیٹنگ لائن ڈھیر ہو گئی۔ انہوں نے بابر اعظم کے رن آؤٹ کو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فتح کے لیے محض 29 رنز درکار تھے کہ بابر رن آؤٹ ہو گئے اور یہیں سے ہماری بیٹنگ لائن زمین بوس ہو گئی۔ پہلی اننگز میں 2 اور دوسری اننگز میں صرف 3 رنز بناکر اعجاز پٹیل کی وکٹ بننے والے سرفراز نے اپنی کارکردگی پر بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بیٹ سے کارکردگی نہیں دکھا سکا اور جو شاٹ کھیل کر میں آؤٹ ہوا اس سے بہت افسوس ہے۔ کپتان نے کہا کہ وکٹ پر بیٹسمینوں کو وقت دینا چاہیے تھا اور ہمارے بیٹسمینوںکو بڑی اننگز کھیلنی چاہیے تھی لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھی فتح کا سہرا جاتا ہے جن کے بولروں خصوصاً اعجاز پٹیل نے اچھی بولنگ کی۔