ڈرائیونگ پر امتناع کی برخاستگی کے بعد سعودی خاتون کی کار نذرآتش

ریاض۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی پولیس اُس اشخاص کی تلاش میں ہیں جنہوں نے ایک سعودی خاتون کی کار نذرآتش کردی۔ ایک ہفتہ قبل ہی مملکت سعودی عرب نے برسوں سے عائد خواتین کی موٹر چلانے پر امتناع برخاست کردیا تھا۔ 31 سالہ خزانچی سلمیٰ شریف نے اپنی کار مقدس شہر مکہ معظمہ کے قریب کھڑی کی تھی۔ اس نے ذرائع ابلاغ سے کہا کہ اس کی کار دانستہ طور پر جاریہ ہفتہ خواتین ڈرائیورس کے مخالفین نے نذرآتش کردی ہے۔ اس واقعہ کی صیانتی عہدیداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔ مکہ کی پولیس نے اپنے بیان میں جسے کل رات دیر گئے مقامی عہدیداروں نے جاری کیا ، کہا کہ ہم خاطیوں کی تلاش میں ہیں۔ 24 جون کو خواتین نے ڈرائیونگ پر عائد امتناع کی برسوں بعد انتہائی قدامت پسند مملکت میں برخاستگی کا جشن منایا تھا اور خواتین ڈرائیورس برسوں بعد کاریں چلانے لگی تھیں۔ حریف انتہا پسندوں نے کہا کہ خواتین موٹر رانوں کو اجازت دینے کا مطلب یہ ہوگا کہ مخالف صنفوں کے امتزاج کی حوصلہ افزائی کی جائے۔