ڈرائیور مہر خلیل زمبابوے ٹیم کی بھی بس چلانے کے خواہاں

لاہور۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) دہشت گردی کا چھ سال قبل نشانہ بننے والی سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے بس ڈرائیور مہر خلیل پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر بہت خوش ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ زمبابوے کی ٹیم کی بس کی بھی ڈرائیونگ سیٹ سنبھالیں۔زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے کا 6 سالہ جمود توڑتے ہوئے پاکستان کے دورے پر پہنچی ہے۔مہر خلیل کو پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک ایسے ہیرو کے طور پر جانا جاتا ہے جنھوں نے تین مارچ 2009 کو لاہور میں سری لنکائی کرکٹ ٹیم کی بس پر ہوئے حملے میں بہادری دکھاتے ہوئے بس کو دہشت گردوں کے چنگل سے نکالا تھا۔اگرچہ اس حملے میں چند سری لنکائی کرکٹر زخمی ہوئے تھے لیکن انہیں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مہر خلیل کو اس بہادری پر سری لنکا کی حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے انعامات سے نوازا تھا جبکہ حکومت پاکستان نے بھی انھیں تمغہ شجاعت دیا تھا۔مہر خلیل نے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر انھیں خوشی ہے اور وہ چاہیں گے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انھیں دوبارہ یہ موقع دے کہ وہ زمبابوے کی ٹیم کی بس چلائیں۔ یہ ان کے لئے اعزاز ہوگا۔