حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے سطح غربت سے نیچے والے افراد کو فراہم کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم فلیٹس دلانے کے بہانے عوام کو دھوکہ دینے والے ایک شخص کو سائبر آباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 47 سالہ کے ریڈی کرن کمار ریڈی متوطن پٹن چیرو ضلع میدک خود کو سرکاری ملازم اور سروے آف انڈیا کی ریجنل منیجر ظاہر کرتے ہوئے عوام کو ڈبل بیڈ روم کے فلیٹس فراہم کرنے میں مدد کرنے کا جھانسہ دے کر 55 غریب افراد کو ٹھگ لیا۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ دھوکہ باز نے غریب افراد سے 10 لاکھ روپئے حاصل کئے اور انہیں مادھا پور، چندا نگر اور آر سی پورم میں فلیٹس دلانے کا وعدہ کیا۔ پولیس نے گرفتار دھوکہ باز شخص کے قبضہ سے 8 لاکھ 55 ہزار نقد رقم، کار اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا۔