حیدرآباد ۔ 27 اگست (سیاست نیوز) سائبرآباد حدود کے رائے درگم پولیس نے ایک ڈاکٹر کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے، جس پر الزام ہیکہ اس کلینک کی دوائی اور ڈاکٹر کے مشورے کے بعد مریض فوت ہوگیا۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 26 سالہ گوپال کرشنا جو پیشہ سے ڈرائیور تھا، شیخ پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے جس کا آبائی مقام محبوب نگر تھا۔ کل ناسازی صحت کے سبب گوپال رائے درگم حدود میں واقع ایک کلینک سے راگھویندرا رجوع ہوا، جہاں دوائی کے استعمال کے بعد اس کی صحت مزید بگڑ گئی جس کو دوسرے ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس ڈرائیور کو مردہ قرار دیا۔ رائے درگم پولیس نے رشتہ داروں کی شکایت اور الزامات پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔