نلگنڈہ۔/25 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ حکومت عوام و ریاست کی ترقی کیلئے کئی ایک پروگراموں اور اسکیمات کو روبہ عمل لارہی ہے ترقی اور فلاحی پروگراموں سے متاثر ہوکر کونسل انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ، وزیر عمارات و شوارع مسٹر ٹی ناگیشور راؤ ریاستی وزیر برقی مسٹر جی جگدیشور ریڈی نے آج این جی کالج نلگنڈہ سے نکالی گئی ریالی پرچہ نامزدگی گریجویٹ زمرہ کے امیدوار ڈاکٹر پی راجیشور ریڈی کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں برسراقتدار جماعت کے امیدواروں کا کسی بھی جماعت کے امیدواروں سے مقابلہ نہیں ہے بلکہ عوام علحدہ ریاست کے لئے کی گئی جدوجہد اور علحدہ ریاست کے قیام کے بعد سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کیلئے جاری پروگراموں سے واقف ہیں۔ ریاستی وزراء نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے فلاحی پروگراموں کو روشناس کرواکر موثر طور پر روبہ عمل لارہے ہیں۔ ان قائدین نے کہا کہ گزشتہ میں میدک میں ہوئے ضمنی انتخابات کی طرح قانون ساز کونسل کے انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کو بھاری اکثریت حاصل ہوگی۔ اس موقع پر اقلیتی قائدین مسرز فرید الدین، نرنجن ولی، جمال قادری موجود تھے۔