نظام آباد ۔ 5 ۔ جون ( ذریعہ فیاکس ) اردو اکیڈیمی آندھراپردیش کی جانب سے ڈاکٹر عبدالقدیر مقدرؔ ایڈیٹر ماہنامہ ’’ تمہید ‘‘ نظام آباد کی مرتبہ چھٹی تصنیف ’’ کلیات راجہ مہدی علی خاں ‘‘ کو ’’ مطبوعات پر انعامات ‘‘ اسکیم کے تحت زمرہ ’’ تحقیق و تنقید ‘‘ میں سال 2012 ء کیلئے انعام اور توصیف نامہ عطا کیا ہے ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر مقدرؔ نے جناب ایس اے شکور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی اور انتخابی کمیٹی کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے جامعہ عثمانیہ سے ڈاکٹر عقیل ہاشمی سابق صدر شعبہ اردو کی زیرنگرانی 1998 ء میں دنیائے ادب کے مقبول و معروف شاعر و فلمی نغمہ نگار راجہ مہدی علی خاں پر ’’ راجہ مہدی علی خاں کی ادبی خدمات ‘‘ کے موضوع پر پی ایچ ڈی کیا تھا ۔ اس سے قبل بھی اردو اکیڈیمی نے موصوف کی چار کتابوں کو انعامات اور ادبی ایوارڈ سے نوازا ۔ موصوف کی اب تک سات کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں۔