بنگلور: 9۔ڈسمبر:( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر زاہد تماپوری متوطن گلبرگہ حال مقیم بنگلور کو مرکزی وزارت برائے فروغ انسانی وسائل حکومت ہند کے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی تشکیل جدید میں تین سال کی مدت کے لئے اردو اسکالرس کے زمرہ سے گورننگ کونسل کا رکن نامزد کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر زاہد تماپوری ریاست کرناٹک کے اردو اسکالرس میں شمار کئے جاتے ہیں ۔ انھوںنے گلبرگہ یونیورسٹی سے 1987میں قائد ملت نواب بہادر یار جنگ پر پی ایچ ڈی حاصل کی ہے۔ اپنے مقالہ میں انھوں نے ”خطابت”کو فنون لطیفہ کی شاخ قرار دیا ہے۔ وہ اپنے اسکول ، کالج اور یونیورسٹی کے زمانہ سے ہی تقریری مقابلہ جات میں حصہ لے کر مسلسل انعامات حاصل کرتے رہے ہیں ۔ شوراپور پربھو کالج کے میرٹ اسٹوڈینٹ رہے ہیں ۔ 1995میں قائد ملت نواب بہادر یار جنگ کی طرز پر ڈاکٹر زاہد تماپوری نے شہر گلبرگہ میں درس اقبال ؒ کی محافل کا انعقاد کرکے اقبالیات کے میدان میں بر صغیر میں نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ڈاکٹر زاہد تماپوری کے رکن گورننگ کونسل فروغ اردوNCPULکی نامزدگی پر ان کے قریبی دوست خالد احمد تالی کوٹی اور ان کے فرزند بین الاقوامی شہرت یافتہ کیانسر کے مشہور سرجن ڈاکٹر ماجد احمد تالی کوٹی، نذیر استاد تماپوری ، سینئیر صحیفہ نگاران ایم اے حکیم شاکر، محبوب علی کے علاوہ ان کے دوست احباب ، اہل تماپور و شوراپؤور ، یادگیر ، شاہپور،کولارشموگہ ، رام نگرم اور بنگلور نے بھی مبارک باد دی ہے۔