نلگنڈہ ۔ 25 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ آیوش یونانی شعبہ میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر اے اے خان میڈیکل آفیسر گورنمنٹ یونانی ڈسپنسری پرائمری ہیلتھ سنٹر لاگڈپہ مریال گوڑہ جو تلنگانہ یونانی میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن کے ریاستی معتمد اور تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹیز ایمپلائز سرویس اسوسی ایشن کے ریاستی نائب صدر بھی ہیں، انہوں نے یونانی طریقہ علاج کو عوام تک پہنچانے کیلئے ضلع نلگنڈہ کے مختلف دیہی مقامات پر کئی مفت طبی کیمپس منعقد کئے جو بہت ہی کامیاب رہے، جس میں ریاستی وزراء، ضلع کلکٹرس، مقامی رکن اسمبلی، مقامی رکن پارلیمنٹ کے علاوہ اقلیتی قائدین بھی شریک ہوئے اور محکمہ آیوش کی جانب سے مہیا کردہ یونانی ادویات بھی عوام میں مفت تقسیم کی گئی۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر اے اے خان نے شہر حیدرآباد کے باغ جہاں آراء میں بھی مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا جو بہت ہی کامیاب رہا۔ ان طبی کیمپس کے انعقاد سے یونانی طب کی شہرت ہو رہی ہے اور اس کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ ڈاکٹر اے اے خان کی بہترین کارکردگی اور نمایاں خدمات کو دیکھتے ہوئے محکمہ آیوش نے ضلع کلکٹر نلگنڈہ کو سفارش کرنے پر 68 ویں یوم آزادی کے موقع پر مسٹر جگدیشور ریڈی، وزیرتعلیم اور مسٹر ٹی چرنجیوی ضلع کلکٹر و مجسٹریٹ پریڈ گراونڈ نلگنڈہ میں 15 اگست 2014ء کو توصیف نامہ عطا کیا۔ اس موقع پر جناب ڈاکٹر میر یوسف علی ایڈیشنل ڈائرکٹر یونانی، ڈاکٹر محمد رفیع احمد سپرنٹنڈنٹ نظامیہ صدر شفاخانہ، ڈاکٹر محمد سلیم ریاستی صدر، ڈاکٹر احمد شفیع الدین اسوسی ایٹ صدر تلنگانہ یونانی میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن نے کہا کہ ڈاکٹر اے اے خان محکمہ آیوش میں ایک واحد میڈیکل آفیسر ہیں، جو اپنی ذاتی دلچسپی سے اس طرح کے یونانی طبی کیمپس کا انعقاد کرتے ہیں، قابل مبارکباد ہیں۔ ان کے علاوہ اسوسی ایشن کے نائب صدور، ڈاکٹر ایم اے فہیم، ڈاکٹر یونس علی خان، خازن ڈاکٹر ایم ایل اے صدیقی، شریک معتمدین ڈاکٹر محمد مکرم، ڈاکٹر سرور مخدوم علی، آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر سید مجاہد اللہ حسینی، پریس و پبلسٹی سکریٹری ڈاکٹر محمد اسمعیل، اراکین ڈاکٹر محمد مصطفی شریف، ڈاکٹر محمد شکیل احمد، ڈاکٹر ایم اے عزیز اور ڈاکٹر ایم اے کریم نے مبارکباد دی۔