ڈاکٹروں کی لاپرواہی سے خاتون اور کمسن کی موت

حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے ایک خانگی ہاسپٹل اور آر ایم پی ڈاکٹر کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پولیس نے دو علحدہ کارروائیوں میں یہ اقدام کیا جہاں ڈاکٹروں کی لاپرواہی سے ایک خاتون اور آر ایم پی ڈاکٹر کی مبینہ لاپرواہی سے ایک کمسن لڑکا فوت ہوگیا ۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 23 سالہ دیوی جو پدماوتی کالونی حیات نگر علاقہ کے ساکن ملیش کی بیوی تھی ۔ اس خاتون کے رشتہ دار کے الزام پر پولیس نے ایک خانگی ہاسپٹل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ دیوی کی صحت خراب ہونے پر 16 ڈسمبر کے دن ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تھا جہاں 17 ڈسمبر کے دن اس کا آپریشن کیا گیا اور علاج کے دوران کل فوت ہوگئی ۔ جبکہ منچال پولیس نے توکوگوڑہ علاقہ کے ایک آر ایم پی کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 5 سالہ لکشمی نواس جو توکوگوڑہ علاقہ کے ساکن وینکٹیش کا بیٹا تھا ۔ 23 ڈسمبر کے دن اس کمسن لڑکے کی صحت خراب ہونے پر اسے مقامی آر ایم پی ڈاکٹر سے رجوع کیا گیا تھا جہاں آر ایم پی کی دوا لینے کے بعد لڑکا بے ہوش ہوگیا۔ جس کو نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا ۔ جہاں علاج کے دوران کل رات وہ فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔