حیدرآباد ۔ یکم / اپریل (سیاست نیوز) نیلورفر پاسپٹل کے ڈاکٹروں کی مبینہ لاپرواہی کے نتیجہ میں 11 ماہ کا شیرخوار لڑکا فوت ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب ساحل گوتم جو گوتم اور سنیتا نامی جوڑے کا بیٹا تھا ساکن ضیاء گوڑہ کو /22 مارچ کے دن نیلوفر ہاسپٹل لایا گیا تھا اور ڈاکٹروں نے بعد معائنہ اسے پیشاب کے عارضہ ہونے کا پتہ لگایا اور اس کی سرجری کرنے کا مشورہ دیا ۔ /30 مارچ کو ساحل گوتم کو دوبارہ دواخانہ لایا گیا تھا اور اسے ڈاکٹروں نے شریک کرنے کے بعد علاج شروع کیا ۔ دوران علاج اس شیرخوار لڑکے کی طبعیت اچانک بگڑگئی اور وہ کل رات دواخانہ میں فوت ہوگیا ۔ برہم رشتہ داروں نے ڈاکٹروں کی لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے نامپلی پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ حاصل ہونے کے بعد ہی اس سلسلے میں مزید کارروائی کی جائے گی ۔