ڈاکٹرس سرٹیفیکٹ غلط، نوجوان حالت نشہ میں تھا

ٹریفک پولیس کا دعویٰ، ڈاکٹروں پر غلط معائنہ کا الزام
حیدرآباد 27 اگسٹ (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے ڈرائیورس کا پتہ لگانے کیلئے استعمال کئے جانے والے بریتھ انالائزر آلہ غیر کارکرد ہونے کی افواہیں سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے کی بات کو بے بنیاد اور غلط قرار دیا گیا۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار نے کہاکہ 25 اگسٹ کی رات سلطان بازار علاقہ میں سید ظہیر قادری کو بریتھ انالائزر کے ذریعہ حالت نشہ میں ہونے کی جانچ کی گئی تھی جس پر اُن کے خون پر 43 بی اے سی لیول الکحل ہونے کا پتہ لگایا گیا تھا۔ ٹریفک پولیس کی اس کارروائی کے خلاف ظہیر نے سلطان بازار پولیس سے رجوع ہوکر دواخانہ عثمانیہ میں اپنا معائنہ کروایا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے حالت نشہ میں نہ ہونے کا سرٹیفکٹ دیا تھا۔ مسٹر انیل کمار نے دواخانہ عثمانیہ کے میڈیکل ڈاکٹرس نے غلط سرٹیفکٹ جاری کیا تھا اور اُن کے خلاف کارروائی کے لئے دواخانہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ایک مکتوب روانہ کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سید ظہیر کا دواخانہ عثمانہ میں ٹھیک طریقہ سے معائنہ نہیں کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بریتھ انالائزر آلہ انتہائی عصری ہے جس کے ذریعہ حالت نشہ میں ہونے کا فی الفور پتہ لگایا جاسکتا ہے اور اس کی کارکردگی قابل بھروسہ ہے۔