نئی دہلی 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آج صدر چین کو چین کے صوبہ یونان میں زلزلہ سے انسانی جانوں کے ضائع ہوجانے پر اظہار تعزیت کیا۔ زلزلہ سے کم از کم 600 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اپنے پیام تعزیت میں صدرجمہوریہ نے کہاکہ میرے لئے یہ انتہائی المناک ہے کہ زلزلہ میں جنوب مغربی چین کے صوبہ میں انسانی جانیں اتنے بڑے پیمانہ پر ضائع ہوئی ہیں اور وسیع پیمانے پر جائیداد کی تباہی واقع ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ بچاؤ اور راحت رسانی کوششیں جاری ہیں اور اُنھیں یقین ہے کہ مقامی عہدیدار اور حکومت چین جلد ہی متاثرہ علاقوں میں معمول کے حالات بحال کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ صدرجمہوریہ نے حکومت ہند اور ہندوستانی عوام کی جانب سے حکومت چین سے گہری تعزیت کی اور سوگوار اور بے گھر خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور کہاکہ ہماری ہمدردی اور دعائیں اِس مشکل وقت میں اُن تمام کے ساتھ ہیں۔