چین کی فتح کے بعد سائنا کی نظریں نمبر ایک مقام پر مرکوز

حیدرآباد۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چین میں تاریخی خطاب حاصل کرنے کے بعد بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں چوتھا مقام حاصل کرچکی سائنا نہوال نے کہا ہیکہ وہ دنیا کی نمبرایک کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کررہی ہے۔ یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے سائنا نہوال نے کہا ہیکہ درجہ بندی میں نویں مقام سے چوتھے مقام پر پہنچنے اور اس دوران 3 خطابات حاصل کرنے پر وہ کافی مسرورہیں اور امید ہیکہ وہ آئندہ ماہ دبئی سوپر سیریز فائنل میں بھی بہتر مظاہرہ کرے گی۔ سیزن میں مزید خطابات کے علاوہ حیدرآبادی کھلاڑی نے کہا ہیکہ وہ اپنی فٹنس کو بہتر بنانے پر توجہ اس لئے بھی مرکوز کرچکی ہیں کیونکہ وہ 2016ء اولمپکس میں بہتر مظاہرہ کی خواہاں ہے۔ سائنا نہوال کے بموجب فٹنس کو بہتر اور برقرار رکھنا ناگزیر ہوچکا ہے کیونکہ اولمپکس کافی قریب ہے۔ سائنا کے بموجب فٹ رہنے کے علاوہ سرفہرست تین چینی کھلاڑیوں کے خلاف بہتر مظاہرے اہم ہیں کیونکہ ان کے خلاف فتوحات سے اعتماد مزید بلند ہوگا۔ نمبر ایک مقام کے حصول کے ضمن میں سائنا نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی یہ خواہش ہوتی ہیکہ وہ پہلا مقام حاصل کرے اور میں بھی اپنے اس مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کررہی ہوں۔