لکھنؤ ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج کہا کہ ہندوستانی علاقہ میں چین بار بار گھس آنے کے باوجود وزیراعظم نریندر مودی نے ’’پراسرار خاموشی‘‘ اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں۔ چین ہمارے خطہ میں وقفہ وقفہ سے دخل اندازی کرتا آرہا ہے لیکن وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے منہ بند کر رکھا ہے جس سے چین کو حوصلہ ملا ہے۔ ملائم سنگھ یہاں اپنے سیاسی گرو ناتھو سنگھ کو ان کی 29 ویں برسی پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ ایس پی لیڈر نے کہا کہ پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کی موت کسی عارضہ کی وجہ سے نہیں بلکہ چینی حملے کے صدمہ کے سبب ہوئی۔ ملائم نے کہا کہ مودی نے لوک سبھا انتخابات میں عوام کو ’’گمراہ‘‘ کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرلیا جبکہ عوام ان کے جھوٹے وعدوں اور خوش کن پروپگنڈہ سے دھوکہ میں آ گئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے انتخابی مہم کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ وہ کالادھن وطن واپس لائیں گے اور بیروزگاروں کو نوکریاں فراہم کریں گے لیکن ابھی تک ان کے وعدوں کی تکمیل کیلئے کچھ بھی نہیں کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر یوپی اکھیلیش یادو کی سراہنا کرتے ہوئے ملائم نے کہا کہ ایس پی حکومت اچھا کام کرتے ہوئے معاشی مواقع اور انفراسٹرکچر کو فروغ دے رہی ہے تاکہ ریاست کی معاشی ترقی کوئی یقینی بنایا جاسکے۔