چین میں قرآن مجید اور جائے نماز رکھنے کیخلاف انتباہ

ژنجیانگ کے مسلمانوںکو مذہبی اشیاء حکام کے حوالے کرنے کا حکم
دبئی ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انسانی حقوق گروپوں کے مطابق حکومت چین نے شمال مغربی چینی علاقہ ژنجیانگ میں جہاں مسلمانوںکی قابل لحاظ آبادی ہے، عوام کو قرآن مجید کے نسخے اور مصلے اپنے حوالے کردینے کے حکم کے ساتھ یہ وارننگ بھی دی ہیکہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔ چینی اقلیتی مسلمانوں کے ایک انسانی حقوق گروپ ورلڈ اوئیغور کانگریس کے ترجمان دلشاد راشد نے کہا کہ مختلف علاقوں میں عوام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تمام اوئیغور مسلمانوں کوحکم دیا گیا ہیکہ وہ دین اسلام اور مسلم عبادات سے متعلق تمام اشیاء مثلاً کلام مجید کے نسخے، جائے نماز وغیرہ حکام کے حوالے کردیں۔ ریڈیو فری ایشیاء نے یہ خبر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سوشیل میڈیا نیٹ ورک ’’دی چیاٹ‘‘ پر بھی یہ اطلاع دی گئی ہے جس کے مطابق حکومت چین نے عوام کو ہدایت کی ہیکہ وہ مذہبی رسوم و عبادات میں استعمال کی جانے والی اشیاء حکام کے حوالے کریں۔ اوئیفور انسانی حقوق پراجکٹ کے ڈائرکٹر عمرکناٹ نے کہاکہ مسلمانوں سے کہا گیا ہیکہ وہ اپنی تمام مذہبی اشیاء رضاکارانہ طور پر حکام کے سپرد کردیںا ور بعد میں تلاشی کے دوران ان کے قبضہ سے اگر کوئی اشیاء برآمد ہوئیں تو ایسے افراد کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔