چینی پروباکسنگ مقابلوں میں تین ہندوستانیوں کی شرکت

نئی دہلی ۔ /22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کامن ویلتھ گیمس کے سابق برونز میڈلسٹ امن دیپ سنگھ بھی ہندوستان کے ان تین باکسرس میں شامل ہیں جو کل سے بیجنگ میں شروع ہونے والے پروباکسنگ مقابلوں میں حصہ لیں گے ۔ ان تینوں باکسرس کا پروفیشنل باکسنگ آرگنائزیشن آف انڈیا سے الحاق ہے ۔ امن دیپ سنگھ (56 کیلو گرام) کا یہ دوسرا پیشہ ورانہ مقابلہ ہے جنہوں نے گزشتہ سال اکٹوبر میں اپنے ساتھی ہندوستانی سنیل شرما کو شکست دیتے ہوئے فتح کے ساتھ مہم کاآغاز کیا تھا ۔ امن دیپ سابق ہندوستانی چمپئین بھی ہیں اور اپنے شوقیہ کیرئیر کے دوران انہوں نے ایشیائی میڈل حاصل کیا تھا ۔ ان کا مقابلہ تھائی لینڈ کے پاکیوم ہمارچ کے ساتھ ہوگا ۔ ہماراچ 27 مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے 14 میں فتح حاصل کرچکے ہیں اور 13 مقابلوں میں انہیں شکست ہوئی تھی ۔ بیجنگ مقابلوں میں حصہ لینے والے دیگر ہندوستانیوں میں سندیپ (66 کیلو گرام) اور پہلی مرتبہ مقابلہ کرنے والے بال کارسنگھ (69 کیلو گرام) بھی شامل ہیں  ۔ ان کے مقابلہ تھا کہ باکسر سومپراسانگ چوانچا اور سایان سیری مونگ کھونی سے ہوں گے ۔