چینی نشانہ بازوں کا عالمی ریکارڈ

انچیان ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چینی خاتون نشانہ بازوں نے رواں 17 ویں ایشین گیمس کے 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم ایونٹ میں اپنے ایک کھلاڑی کو نااہل قرار دیئے جانے کے باوجود عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ یی سلنگ، وو لیوٹزی، ژانگ بن بن نے مجموعی طور پر 1,253.8 نشانات حاصل کئے ہیں جوکہ سابق میں چین کی جانب سے ہی قائم کردہ عالمی ریکارڈ 1,253.7 سے صرف 0.1 نشان آگے ہے۔ چین نے سابق میں یہ عالمی ریکارڈ گذشتہ برس تہران میں منعقدہ شوٹنگ چمپیئن شپ میں بنایا تھا۔ بعدازاں چین کو عالمی ریکارڈ اور گولڈ میڈل سے محروم ہونا پڑا کیونکہ اس کے کھلاڑی ژانگ کو قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زیادہ وزن کے رائفل استعمال کرنے کی پاداش میں نااہل قرار دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد ژانگ نے کہا کہ یہ میرے لئے انتہائی مایوس کن رہا ہے کہ مجھے مطلع کیا گیا کہ میں نااہل قرار دی جاچکی ہوں لیکن میری ساتھی کھلاڑیوں اور کوچس نے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہیکہ وہ اس فیصلہ کے خلاف اپیل کریں گے۔ شوٹنگ عہدیداروں نے کہا ہیکہ ژانگ کو نااہل قرار دینے کی ایک اہم وجہ تکنیکی غلطی بھی ہوسکتی ہے۔