چینی صدر کی بلجیم میںیورپی یونین قائدین سے ملاقات

برسلز ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چینی صدر شی جن پنگ اپنے چار ملکی یورپی دورے کے آخری مرحلے میں بلجیم پہنچ گئے ہیں۔ اس تین روزہ دورے کے دوران وہ آج یورپی یونین کے اداروں کا دورہ کررہے ہیں۔ برسلز میں شی جن پنگ نے یورپی یونین کے صدر ہرمن فان رامپوئے، یورپی کمیشن کے صدر یوزے مانیول باروسو اور یورپی پارلیمان کے صدر مارٹن شلز سے علحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔ ان اجلاسوں میں سمجھا جاتا ہے کہ عالمی معیشت ، یورپی یونین ۔ چین باہمی تعلقات اور بین الاقوامی مسائل پر غوروخوض کیا گیا۔ یورپی یونین، چین کو اہم اسٹرٹیجک پارٹنر قرار دیتی ہے۔ تاہم اسے بیجنگ کے انسانی حقوق سے متعلق ریکارڈ کے حوالے سے کچھ تحفظات بھی ہیں۔