چینائی ۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ مقابلہ میں اپنی طاقت اور خامیوں کو پہچاننے والے مقابلہ میں شکست کے بعد دفاعی چمپئن چینائی سوپرکنگس کو کل یہاں کھیلے جانے والے آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائر مقابلہ میں بلند حوصلوں کی ممبئی انڈینس ٹیم سے مقابلہ میں گھریلو میدان کا فائدہ ضرور ملے گا۔ چینائی سوپرکنگس نے ٹورنمنٹ میں اپنے مظاہروں میں استقلال کا ثبوت دیا ہے اور ٹورنمنٹ کے بیشتر مقابلوں میں فتوحات کے ذریعہ وہ مسلسل پہلے مقام پر فائز رہی لیکن لیگ کے آخری مقابلہ میں کنگس الیون پنجاب کے خلاف شکست کے بعد اسے دوسرے مقام پر پہنچنا پڑا لیکن اس سے اسے زیادہ کچھ نقصان نہیں ہوا کیونکہ ممبئی کو شکست دیکر وہ پھر ایک مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہے۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس کے مظاہروں میں استقلال کا فقدان رہا اور وہ ٹیموں کے جدول میں ابتدائی چار مقامات میں نشیب و فراز کا سامنا کرتی رہی لیکن لیگ کے آخری مقابلوں میں فتوحات کے ذریعہ اس نے لیگ میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں دونوں ہی ٹیموں کے درمیان کوئی زیادہ فرق نہیں ہے۔ جیسا کہ دونوں ہی ٹیموں نے فی کس تین مرتبہ ٹورنمنٹ میں خطابات حاصل کئے ہیں۔ مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپرکنگس لیگ مقابلوں میں زیادہ تر پہلے مقام پر فائز رہی لیکن گدشتہ مقابلہ میں اسے کنگس الیون پنجاب کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس کا کل کھیلے جانے والے مقابلہ پر کوئی زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ دوسری جانب ممبئی نے اپنے آخری مقابلہ میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو جامع انداز میں شکست دی۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں چینائی سوپرکنگس کا ریکارڈ کافی بہترین ہے۔ جیسا کہ اس نے یہاں 7 مقابلوں میں 6 فتوحات حاصل کی ہیں۔ اس مقابلہ میں جہاں فاتح ٹیم کو راست فائنل کھیلنے کا موقع مل جائے گا وہیں شکست برداشت کرنے والی ٹیم کیلئے بھی کوئی مشکل نہیں ہوگی کیونکہ وہ 10 مئی کو کوالیفائر 2 میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہے۔ چینائی سوپرکنگس کیلئے ٹاپ آرڈر کے بیٹسمینوں نے بہتر مظاہرہ کیا ہے لیکن ممبئی انڈین کے طاقتور شعبہ کے خلاف اسے بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ جسپریت بمراہ 17 وکٹوں، لستھ ملنگا 15 وکٹوں، ہاردک پانڈیا 14 وکٹوں اور کرونال پانڈیا 10 وکٹوں کے علاوہ راہول چہر 10 وکٹوں کے ساتھ ممبئی انڈینس کیلئے کامیاب بولر ثابت ہورہے ہیں۔ چینائی سوپرکنگس کیلئے کپتان مہندر سنگھ دھونی 12 مقابلوں میں 368 رنز اسکور کرتے ہوئے رنز بنانے والوں کی فہرست میں پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ گذشتہ مقابلہ میں فاپ ڈوپلیسی نے بھی تیز رفتار نصف سنچری اسکور کی تھی اس کے علاوہ شین واٹسن اور سریش رائنا نے بھی وقتاً فوقتاً متاثر کن اننگز کھیلی ہیں۔ چینائی سوپر کنگس کیلئے امباٹی رائیڈو کا ناقص فام تشویش کا باعث ہے جبکہ آل راونڈر کیدار جئے دیو زخمی ہونے کے بعد ان کی شمولیت پر بھی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ اسپنرس کی جوڑی عمران طاہر اور ہربھجن سنگھ ممبئی انڈینس کیلئے مسائل کھڑے کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس کیلئے کپتان روہت شرما 386، کوئنٹن ڈی کاک 492 اور ہاردک پانڈیا 380 رنز کے ساتھ اہم بیٹسمین بنے ہوئے ہیں جبکہ جارحانہ آل راونڈر کیرن پولارڈ کسی بھی لمحہ چینائی سوپرکنگس کے بولروں کیلئے مشکلات کھڑی کرسکتے ہیں۔