چیف منسٹر کیمپ آفس کے قریب زخمی شخص کی گشت سے سنسنی

حیدرآباد ۔ /30 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کیمپ آفس کے قریب آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک ڈرائیور خون آلود کپڑوں میں مشتبہ حالت میں گھوم رہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد امجد ساکن ملک پیٹ علاقہ چادر گھاٹ میں آج سڑک حادثہ میں زخمی ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں اسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا ۔ دواخانہ میں علاج میں تاخیر کے نتیجہ میں اس نے وہاں پر دواخانہ کے اٹنڈرس سے بحث و تکرار کی اور بعد ازاں اس کی شکایت کرنے کی دھمکی دے کر چیف منسٹر کیمپ آفس روانہ ہوگیا ۔ خون میں لت پت کپڑے اور گلے پر گہرا زخم دیکھ کر کیمپ آفس پر تعینات پولیس عملہ نے اسے مشتبہ حالت میں دیکھ کر حراست میں لے لیا اور بعد ازاں اسے پولیس پنجہ گٹہ کے حوالے کردیا ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ امجد کا تعلق روڈی شیٹر قیصر کی ٹولی سے ہے ۔