سوریاپیٹ۔ 31 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے پالیر ضلع کھمم بذریعہ بس جاتے ہوئے سوریاپیٹ میں ظہرانہ کے لئے ریاستی وزیر برقی و توانائی جی جگدیش ریڈی کی قیام گاہ پر توقف کیا۔ وزیر برقی جی جگدیش ریڈی نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ کے سی آر کی آمد کی اطلاع ملتے ہی ٹی آر ایس قائدین و کارکنان نے جنگاؤں روڈ چوراہے پر پہنچ کر والہانہ استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ کے سی آر نے مقامی قائدین کو تیقن دیا کہ بہت جلد سوریاپیٹ کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی گارسہ کشور ویمولہ ورشیم صدرنشین مجلس بلدیہ گنٹوری پراویلیکا ٹی آر ایس قائدین گنا ریڈی وائی وینکٹیشورلو این سرینواس ماری پدی سرینواس گنڈوری پرکاش اور دیگر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ کی آمد کے پیش نظر سخت صیانتی انتظامات کئے گئے تھے۔ اسی دوران اطلاع کے مطابق لکشما نامی خاتون کے قلب پر حملہ کے باعث دواخانہ لے جایا جارہا تھا لیکن پولیس بندوبست اور راستہ میں صیانتی رکاوٹ کے باعث بروقت دواخانہ نہ پہونچنے پر موت واقع ہوگئی۔