چیف منسٹر چوہان الیکشن لڑیں گے، کمل ناتھ نہیں

کانگریس کے سندھیا کا بھی مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات لڑنے سے گریز
بھوپال ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش میں بی جے پی اور کانگریس دونوں کی طرف سے چیف منسٹر بننے کے خواہش مندوں میں صرف موجودہ سی ایم شیوراج سنگھ چوہان 28 نومبر کو مقررہ اسمبلی چناؤ لڑیں گے۔ کمل ناتھ اور جیوتیر ادتیہ سندھیا جو دونوں باوقار عہدہ کے دعوے دار سمجھے جاتے ہیں، وہ لوک سبھا ایم پیز ہیں اور امکان نہیں کہ وہ چناؤ لڑیں گے۔ صدر اسٹیٹ کانگریس یونٹ کمل ناتھ چندواڑہ سے نو مرتبہ کے ایم پی ہیں جبکہ پارٹی کی مہم کمیٹی کے سربراہ سندھیا لوک سبھا میں گونا کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ایک کانگریس ترجمان نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ تاحال سندھیا اور کمل ناتھ کے اسمبلی انتخابات میں مسابقت کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ برسراقتدار بی جے پی نے کانگریس پر سبقت لے جاتے ہوئے اسمبلی چناؤ کیلئے 177 امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جمعہ کو جاری کردی جس میں سی ایم چوہان کو بودھنی نشست دی گئی ہے۔ ریاست کے ضلع سیہور میں حلقہ بودھنی چوہان کا آبائی علاقہ اور اُن کے آباواجداد کے موضع جیٹ سے قریب واقع ہے۔