حیدرآباد ۔ یکم / اپریل (سیاست نیوز) خود کو چیف منسٹر پیشی کے اہم عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے عوام کو ٹھگنے والے ایک خانگی اسکول ٹیچر کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس شریمتی سواتی لکرا نے بتایا کہ 36 سالہ بنگارو سریش جو پیشہ سے خانگی ٹیچر ہے اور اس کا تعلق ضلع اننت پور سے ہے وہ خود کو چیف منسٹر کے ایڈیشنل سکریٹری کا پی اے ظاہر کرتے ہوئے ملکاجگری سے تعلق رکھنے والے انجیا کے 10 ہزار روپئے ہڑپ لئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ انجیا کے لڑکے نے /10 ستمبر 2014 ء کو کریم نگر میں خودکشی کرلی تھی اور اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سریش نے انجیا کو بذریعہ فون یہ ظاہر کیا کہ چیف منسٹر پیشی کا اہم عہدیدار ہے اور اس کے لڑکے کی خودکشی پر حکومت نے بطور معاوضہ کچھ رقم دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے وہ رمیش نامی شخص کے بینک کھاتے میں 10 ہزار روپئے جمع کروائے ۔ انجیا سریش کے جھانسے میں آگیا اور 10 ہزار روپئے ادا کردیئے اور حکومت کے معاوضے سے متعلق تفصیلات کیلئے فون کرنے پر سریش نے فون پر دھمکایا ۔ اسی طرح سی ایچ دیواداسو نے اپنی شکایت میں بتایا تھا کہ مادھو راؤ کیلاسم نے ایس سی ایس ٹی کارپوریشن سے لاکھوں روپئے کا قرض دلانے کا وعدہ کیا اور اسی طرح راج کمار نامی نوجوان کو سریش کمار سے تعارف کراکر 60 ہزار روپئے حاصل کرلئے اور اسے وعدہ کیا کہ وہ محکمہ سیول سپلائیز میں ملازمت فراہم کرے گا ۔ سی سی ایس کی وائیٹ کالر ٹیم نے دو مقدمات درج کرتے ہوئے سریش کمار کا پتہ لگالیا اور اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ سریش اینٹی کرپشن مقدمات میں گرفتار بعض سرکاری ملازمین سے بھی رقومات حاصل کئے اور انہیں کیس سے راحت دلانے کا جھانسہ دیا ۔